ناروے میں جاری اسٹریٹ چائلڈ فٹبال چیمپیئن شپ میں شرکت کے لیے کراچی سے جانے والا کھلاڑی امان اللہ بلوچ پُر اسرار طور پر لاپتہ ہوگیا ہے وہ مسلم ہینڈز کلب کی نمائندگی کر رہے تھے اور کراچی کے علاقے سنگولین لیاری سے تعلق رکھتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق امان اللہ ٹیم کے دیگر ارکان کے ساتھ ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں موجود تھے جہاں ایک استقبالیہ تقریب کے دوران وہ فون پر بات کرتے ہوئے باہر نکلے اور ٹیکسی میں روانہ ہوگئے۔
اس کے بعد سے وہ ٹیم میں واپس نہیں آئے اور ان کا کوئی پتہ نہیں چل سکا۔
ٹیم انتظامیہ نے واقعے کی اطلاع نارویجن پولیس اور پاکستانی سفارت خانے کو دے دی ہے اور حکام اس معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں۔
ٹیم منیجمنٹ کا کہنا ہے کہ معاملہ مقامی پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے اور لاپتہ کھلاڑی کی تلاش جاری ہے۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب گزشتہ دو ماہ پاکستان سے یورپ جانے والے کھلاڑی بیرون ملک لاپتہ ہوئے ہیں۔
اس سے قبل عالمی یونیورسٹی گیمز کے دوران پنجاب سے تعلق رکھنے والے دو کھلاڑی جرمنی میں لاپتہ ہوگئے تھے۔
فی الحال یہ واضح نہیں کہ امان اللہ کے لاپتہ ہونے کی وجوہات کیا ہیں، تاہم انکے ٹیم مینجمنٹ کے مطابق واقعے کی مکمل جانچ پڑتال جاری ہے۔