مچھ: کوئلہ کان میں زہریلی گیس بھرنے سے 3 کانکن جانبحق

16

بلوچستان کے ضلع بولان کی تحصیل مچھ کے علاقے ڈیگاری میں کوئلے کی کان میں زہریلی گیس بھرنے سے حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں تین کانکن دم گھٹنے سے جانبحق ہو گئے ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب کانکن زیرِ زمین کان میں کام کر رہے تھے کہ اچانک زہریلی گیس بھر گئی، گیس کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ مزدور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

جانبحق ہونے والوں میں ایک کانکن کا تعلق کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن جبکہ دو دیگر مزدوروں کا تعلق علمدار روڈ مری آباد سے بتایا گیا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور ضلعی انتظامیہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، چیف انسپکٹر مائنز اینڈ منرلز عبدالغنی نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور حادثے کی نوعیت اور ابتدائی وجوہات کا جائزہ لیا۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں کوئلہ کانوں میں اس قسم کے حادثات معمول بنتے جا رہے ہیں جن کی بڑی وجہ حفاظتی اقدامات کا فقدان قرار دیا جاتا ہے۔

ماہرین اور انسانی حقوق کی تنظیمیں طویل عرصے سے کوئلہ کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کے لیے بہتر حفاظتی انتظامات کا مطالبہ کرتی آ رہی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ضروری ہے کہ کان کنی کے شعبے میں بین الاقوامی حفاظتی معیارات کو اپنایا جائے تاکہ مزدوروں کی قیمتی جانوں کا تحفظ ممکن ہو سکے۔