بلوچستان کے ضلع مستونگ میں نامعلوم مسلح افراد نے معدنیات لے جانے والے دو ٹرکوں پر فائرنگ کی ہے۔ واقعہ کوئٹہ-کراچی مرکزی شاہراہ پر کھڈکوچہ کے مقام پر پیش آیا۔
عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ٹرکوں کے ٹائر برسٹ ہوگئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ڈرائیوروں کے مطابق مسلح افراد نے انہیں معدنیات کی ترسیل روکنے کی تنبیہ بھی کی۔
پولیس کے مطابق حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
بلوچستان معدنی وسائل سے مالا مال ہے اور یہاں سے کرومائیٹ، کوئلہ، ماربل سمیت کئی اہم معدنیات دیگر شہروں اور بندرگاہوں تک پہنچائی جاتی ہیں۔ تاہم اس تجارتی سرگرمی کو اکثر مقامی سطح پر مزاحمت کا سامنا رہتا ہے۔ ماضی میں مسلح تنظیمیں بارہا ٹرکوں پر حملے کرتے رہے ہیں اور بعض اوقات بھاری جانی نقصان بھی ہوا ہے۔
بلوچستان میں بلوچ مسلح تنظیموں کی سرگرمیاں بھی رپورٹ ہوتی ہیں جو معدنیات سے متعلق پالیسیوں کے خلاف مزاحمت دکھاتے ہیں۔