لندن: بی آر پی کا نواب اکبر خان بگٹی کی انیسویں برسی پر تقریب کا انعقاد

33

بلوچ ریپبلکن پارٹی یوکے زون کی جانب سے 26 اگست 2025 کو شہید نواب اکبر خان بگٹی کی انیسویں برسی کے موقع پر لندن میں ایک تعزیتی و سیاسی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

ایونٹ کی صدارت بی آر پی یوکے زون کے صدر منصور جان بلوچ نے کی، جبکہ مرکزی ترجمان شیر محمد بگٹی سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

تقریب کا آغاز بی آر پی یوکے کے رکن سہیل بلوچ کی جانب سے تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، اس موقع پر مختلف تنظیموں کے نمائندوں اور کارکنان نے بلوچ شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اظہارِ خیال کیا۔

تقریب سے خطاب کرنے والوں میں جئے سندھ فریڈم موومنٹ کے صدر سہیل ابڑو، ورلڈ سندھی کانگریس کے نمائندے کامران جتوئی، بلوچ ایڈووکیسی اسٹڈیز سینٹر کے جنرل سیکریٹری قمبر مالک بلوچ، ڈائریکٹر آف ریسرچ ڈاکٹر خورشید بلوچ، عبداللہ بلوچ، بی آر پی کے ترجمان شیر محمد بگٹی، یوکے زون کی جنرل سیکریٹری صدف بلوچ اور اراکین حفیظ بلوچ و نوید بلوچ شامل تھے۔

مقررین نے اس موقع پر نواب اکبر خان بگٹی کی جدوجہد، قربانی اور بلوچستان کی قومی تحریک کے لیے ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

یاد رہے کہ نواب اکبر خان بگٹی 26 اگست 2006 کو پاکستانی فوجی آپریشن کے دوران تراتانی کے پہاڑوں میں شدید بمباری کے نتیجے میں شہید ہوئے تھے۔ 

ان کی شہادت نے بلوچستان میں جاری تحریک کو ایک نیا موڑ دیا، جس کے اثرات آج تک بلوچستان اور پاکستان کی سیاسی و جغرافیائی صورتحال پر گہرے طور پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔