قلعہ عبداللہ: ریموٹ کنٹرول بم برآمد

39

قلعہ عبداللہ انتظامیہ کے مطابق لیویز فورس نے قلعہ عبداللہ میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے ریموٹ کنڑول بم کو ناکارہ بنا دیا ہے۔

کارروائی کے دوران میزئی اڈہ کے قریب نصب ریموٹ کنٹرول بم کو بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے ناکارہ بنا کر قبضے میں لے لیا گیا۔

لیویز حکام کے مطابق نامعلوم افراد نے میزئی اڈہ لیویز چیک پوسٹ کے قریب حملے کی غرض سے ریموٹ کنٹرول بم نصب کیا تھا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی لیویز فورس موقع پر پہنچ گئی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا اور بم کو ناکارہ بنادیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا، تاہم واقعے کے حوالے سے اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

لیویز نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔