بلوچستان کے ضلع خضدار سے موصولہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز وڈھ کے قریب پاکستانی فورسز اور ان کے حمایت یافتہ گروہ شفیق مینگل گروپ نے ایک مسافر ویگن کو تحویل میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق یہ ویگن بلوچستان کے صنعتی شہر حب سے خضدار کی تحصیل زہری جا رہی تھی، جسے راستے میں روک کر خواتین کو چھوڑ دیا گیا، جبکہ ویگن کے ڈرائیور سمیت تقریباً پندرہ مرد مسافروں کو یرغمال بنا لیا گیا۔
واقعے کے خلاف آج زہری شہر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی، جبکہ مسافروں کے لواحقین اور مقامی شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر یرغمال بنائے گئے افراد کو جلد بازیاب نہ کروایا گیا تو وہ کوئٹہ، کراچی شاہراہ پر دھرنا دیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے زہری اور گرد و نواح کے علاقے میں فوجی آپریشن جاری ہے، جہاں مختلف مواقع پر بلوچ آزادی پسند تنظیموں کی جانب سے حملوں میں پاکستانی فورسز کو جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز اور ان کے حمایت یافتہ گروہ ڈیتھ اسکواڈ شفیق مینگل گروپ نے مسافروں کو یرغمال بنا کر مبینہ طور پر علاقے کی صورتحال کے بارے میں تفتیش بھی کی ہے۔
مزید برآں اغواء کاروں نے تین مسافروں کو چھوڑ دیا ہے، دیگر تاحال بازیاب نہیں ہوسکے ہیں۔