خضدار: خاتون جنسی زیادتی کیس، پولیس کا ملوث ملزمان کی گرفتاری کا دعویٰ

0

خضدار لیویز فورس نے صغریٰ بی بی زیادتی کیس میں ملوث مرکزی ملزم سمیت تین افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز بلوچستان کے ضلع خضدار میں صغریٰ بی بی نامی خاتون نے خضدار پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کے دوران الزام عائد کیا کہ انہیں خضدار کے ایک بااثر شخص نے اغوا کے بعد جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

متاثرہ خاتون نے پریس کانفرنس کے دوران واقعے میں ملوث افراد کی نشاندہی بھی کی، مقامی ذرائع کے مطابق نامزد ملزمان کا تعلق ایک سرکاری حمایت یافتہ گروہ ’ڈیتھ اسکواڈ‘ سے ہے۔

خاتون کے منظرِ عام پر آنے کے بعد واقعے پر شدید عوامی ردعمل سامنے آیا تھا جس کے بعد خضدار انتظامیہ نے دعویٰ کیا کہ واقعے میں ملوث مرکزی ملزم اسامہ خدرانی، عزیز اور شاہجہان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ملزمان نے خاتون کو ان کے گھر کے قریب سے اغوا کیا انہیں چھ گھنٹوں تک حبسِ بے جا میں رکھا اور اس دوران خاتون کو جنسی زیادتی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

واضح رہے کہ صغریٰ بی بی نے واقعے پر فوری انصاف کا مطالبہ کیا تھا، جب کہ بلوچستان کی مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔