بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور صنعتی شہر حب میں پیش آنے والے دو مختلف واقعات میں مجموعی طور پر چھ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں اتوار کے روز ہائیٹ پولیس تھانے کی حدود بھوانی میں ایک ٹرک کے ٹینک میں ویلڈنگ کے دوران اچانک زور دار دھماکہ ہوا۔
حب پولیس کے مطابق دھماکے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے، جبکہ دھماکے کی شدت سے قریبی دکانوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
زخمیوں میں شیر خان ولد شاد محمد، ثناء اللہ ولد عبدالطیف، فیض اللہ ولد یعقوب، سیف اللہ ولد گل محمد اور ارسلان ولد حضور بخش شامل ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق ٹرک میں ایرانی پیٹرول کی اسمگلنگ کے لیے ٹینک نصب کیا گیا تھا پیٹرول سے اٹھنے والی گیس جمع ہونے کے باعث دھماکہ ہوا۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ادھر کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں جھگڑے کے دوران ایک رکشہ ڈرائیور نے ٹریفک پولیس اہلکار پر چھری کے وار کر کے اسے زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس نے زخمی اہلکار کو اسپتال منتقل کر کے رکشہ ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے۔