تربت: ڈیتھ اسکواڈ کا ایک گھر پر دستی بم حملہ، خواتین زخمی

126

تربت کے علاقے آبسر کے محلہ بلوچی بازار میں پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد نے خدا داد کے ایک مکان پر ہینڈ گرنیڈ حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں دو خواتین زخمی ہو گئیں۔

زخمیوں کی شناخت صاحبہ خاتون اور شاہدہ کے نام سے ہوئی ہیں جو دونوں بلوچی بازار آبسر کی رہائشی ہیں۔ زخمی خواتین کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال تربت منتقل کیا گیا۔ جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ علاقائی ذرائع نے ٹی بی پی کو بتایا کہ واقعے میں سرکاری حمایت یافتہ گروہ؛ ڈیتھ اسکواڈ ملوث ہے۔

دو روز قبل تمپ کے علاقے میر آباد میں بھی ‘ڈیتھ اسکواڈ’ ارکان نے ایک گھر پر دستی بم سے حملہ کیا اور فائرنگ کی، تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

بلوچستان میں “ڈیتھ اسکواڈ” کے نام سے موسوم مسلح گروہوں کے بارے میں انسانی حقوق کے کارکن طویل عرصے سے تشویش کا اظہار کرتے آئے ہیں۔

سیاسی و سماجی حلقوں کے مطابق پاکستانی فوج و خفیہ ادارے ان گروہوں کی پشت پنائی کرتے ہیں جن پر ٹارگٹ کلنگ، دھماکے اور سیاسی کارکنوں کو نشانہ بنانے کے الزامات لگ چکے ہیں۔