پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی ہدایات پر بلوچستان بھر میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی ہے، جس سے بلوچستان کے لاکھوں صارفین متاثر ہو رہے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ اقدام سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اُٹھایا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ انٹرنیٹ بندش کا فیصلہ ممکنہ خطرات کے پیش نظر کیا گیا ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ بلوچستان بھر میں انٹرنیٹ کی معطلی نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے، خاص طور پر طلباء، آن لائن کاروبار سے منسلک افراد شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
تاحال حکام کی جانب سے سروس کی بحالی کے لیے کوئی حتمی وقت یا تاریخ فراہم نہیں کی گئی۔ انٹرنیٹ معطلی کی وجہ سے معمولات زندگی میں رکاوٹ پیدا ہو گئی ہے، جبکہ سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل رابطے کے دیگر ذرائع بھی معطل ہو چکے ہیں۔