بسیمہ: چار نوجوان فورسز کے ہاتھوں لاپتہ، کیچ سے دو بازیاب

0

بلوچستان سے جبری گمشدگی کا شکار دو افراد بازیاب، مزید چار جبری لاپتہ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی فورسز نے بلوچستان کے ضلع واشک کی تحصیل بسیمہ میں کارروائی کرتے ہوئے چار نوجوانوں کو حراست میں لے کر اپنے ہمراہ لے گئے۔

اطلاعات کے مطابق پاکستانی فورسز نے صادق، فرید، عامر سمیت ایک اور شخص کو حراست میں لے لیا ہے جس کے بعد سے چاروں افراد منظر عام پر نہیں آسکے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دو روز سے بسیمہ میں کرفیو نما پابندیاں عائد کردی گئی ہیں جبکہ علاقے میں فورسز کی بھاری تعداد موجود ہے۔

پاکستانی فورسز اور ضلعی حکام نے گزشتہ روز مقامی آبادی کو گھروں میں رہنے، دکانیں بند رکھنے اور سفر کرنے کی صورت میں مقامی انتظامیہ سے اجازت نامہ لینے کا حکم جاری کیا تھا جبکہ خلاف ورزی کرنے پر گرفتاری کی دھمکی دی گئی تھی۔

علاقائی ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں بلوچ آزادی پسند اتحادی تنظیم براس کی جانب سے فورسز ہیڈکوارٹر پر حملے کے بعد علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے، شہر میں جگہ جگہ فورسز اہلکار پہرا دے رہے ہیں اور شام پانچ بجے کے بعد شہریوں کو گھروں سے باہر نکلنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز براس کے حملے میں پاکستانی فورسز کا ایک کیپٹن سمیت 13 اہلکار ہلاک ہو گئے تھے جبکہ سرمچاروں نے فورسز کا اسلحہ اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا تھا۔

دریں اثناء بلوچستان کے ضلع کیچ سے 31 جولائی 2024 کو جبری گمشدگی کا شکار ہونے والے میناز بلیدہ کے رہائشی جاوید علی ولد علی اور 4 اگست 2025 کو جبری گمشدگی کا شکار ہونے والے تجابان سنگ آباد کے رہائشی ڈاکٹر داد شاہ گزشتہ روز بازیاب ہوگئے ہیں۔