پاکستانی فورسز نے کراچی سے مکران جانے والی درجنوں مسافر کوچز کو اوتھل زیرو پوائنٹ پر روک دیا گیا ہے۔ ان بسوں میں ضلع کیچ اور ضلع گوادر جانے والے مرد، خواتین اور بچے سوار ہیں۔
ذرائع کے مطابق مسافر گاڑیوں کو سرکاری ٹائمنگ کی پاسداری نہ کرنے پر روکا گیا ہے۔ مکران جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی، جبکہ صرف کوئٹہ کی طرف جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اوتھل زیرو پوائنٹ پر کراچی سے مکران جانے والی درجنوں مسافر کوچز کو روکنے کا واقعہ مکران ڈویژن کے زمینی رابطوں میں ایک سنگین رکاوٹ کو ظاہر کرتا ہے۔ ضلعی کیچ اور گوادر کے مسافر، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، کو محض “سرکاری ٹائمنگ” کی خلاف ورزی کے الزام پر روک دینا عوامی مشکلات کو بڑھاتا ہے۔ یہ اقدام نہ صرف مقامی معیشت اور سفر کی روانی پر اثر انداز ہوتا ہے بلکہ مسافروں میں بے چینی اور عدم اعتماد پیدا کرتا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ مکران کی جانب سفر بند اور کوئٹہ کی جانب کھلا رکھنے کا فیصلہ بظاہر امتیازی محسوس ہوتا ہے، جو انتظامی پالیسی پر سوالات اٹھاتا ہے۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی میں ہزاروں مسافر پھنس چکے ہیں، جن میں بوڑھے ، بچے ، خواتین اور بیمار لوگ شامل ہیں ۔ انہیں اپنے منزلوں تک جانے کی اجازت دینا چاہیے ۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ پہلے چیکنگ کے نام پر گھنٹوں گھنٹوں کئی چیک پوسٹوں پر روکا جاتا تھا لیکن اب سفری بندش جیسے صورتحال سے مزید پریشانی بڑھ گئی ہے ۔