سوراب میں فوجی آپریشن جاری

135

بلوچستان کے ضلع سوراب میں منگل کی صبح سے پاکستانی فورسز نے ایک وسیع پیمانے پر فوجی آپریشن کا آغاز کیا ہے، جس میں مقامی ذرائع کے مطابق ڈیتھ اسکواڈ کے ارکان بھی شامل ہیں۔

مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ علی الصبح فوجی گاڑیوں اور پیدل اہلکاروں نے سوراب کے مختلف علاقوں، بشمول کلی نور آباد، میں داخل ہو کر گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ فورسز نے خواتین، بچوں اور بزرگوں کو گھروں سے نکال کر مکمل تلاشی لی، جبکہ سادہ لباس میں ملبوس افراد، جنہیں مقامی طور پر ڈیتھ اسکواڈ سے منسلک سمجھا جاتا ہے، بھی آپریشن میں شریک تھے۔

تاحال حکام کی جانب سے اس کارروائی پر کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔

خیال رہے قلات کے علاقے مہلبی میں بھی آج صبح سے فوجی آپریشن کی جارہی ہے جس میں گن شپ و دیگر ہیلی کاپٹر حصہ لے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مختلف مقامات پر کمانڈوز بھی اتارے گئے ہیں۔

آپریشن کے باعث تاحال نقصانات کے حوالے سے خبروں تک رسائی ممکن نہیں ہوسکی ہے۔