بلوچستان حکومت نے بلوچستان بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید 15 روز کی توسیع کر دی ہے، جس کے تحت 31 اگست تک عوامی اجتماعات اور بعض سرگرمیوں پر پابندیاں عائد رہیں گی۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق اس دوران موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی جبکہ موٹرسائیکل چلاتے وقت چہرہ چھپانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔ پانچ یا اس سے زائد افراد کے کسی مقام پر جمع ہونے پر بھی پابندی عائد رہے گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل یکم سے 15 اگست تک بھی بلوچستان میں دفعہ 144 نافذ رہی تھی۔
حکومت نے 13 اگست کو بلوچستان بھر میں رات کے اوقات میں عوامی ٹرانسپورٹ کی نقل و حرکت پر بھی پابندی لگائی تھی۔ شام 5 بجے سے صبح 5 بجے تک بسوں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ کو شاہراہوں پر چلنے کی اجازت نہیں ہوگی، خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کے روٹ پرمٹ منسوخ کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے تمام 36 اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ (تھری جی اور فور جی) سروس 6 اگست سے حکومت نے بند کر دی ہے۔ حکام کے مطابق یہ پابندی 31 اگست تک برقرار رہے گی۔
حکام کے مطابق یہ اقدام اگست کے مہینے کی حساسیت کی وجہ سے اٹھایا گیا ہے کیونکہ ان دنوں بلوچ مسلح تنظیموں کے حملوں میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ ’خاص طور پر 11 اگست، 14 اگست اور 26 اگست کو حملوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ گزشتہ سال ان دنوں میں درجنوں حملے ہوئے۔