بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے طالب کول مائن ایریا میں واقع کوئلہ کان میں زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں چھ مزدور جھلس کر زخمی ہو گئے۔
دھماکے کی وجہ کان میں گیس بھر جانا بتائی گئی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب مزدور زیرِ زمین کام کر رہے تھے کہ اچانک گیس کے اخراج سے دھماکہ ہو گیا، دھماکے کے نتیجے میں کان میں موجود مزدور، واجد، شیر افضل، امیر محمد، اشرف علی اور آغا محمد سمیت چھ کانکن شدید زخمی ہوگئے۔
زخمی کان کنوں کو فوری طور پر ہرنائی سے کوئٹہ کے اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق بعض مزدوروں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں کوئلہ کانوں میں اس نوعیت کے واقعات معمول بنتے جا رہے ہیں جن میں حفاظتی اقدامات کے فقدان کو بارہا تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کان میں کام کرنے والے مزدوروں کی جانوں کے تحفظ کے لیے حفاظتی انتظامات مزید سخت کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔