کیچ: نوجوان جبری طور پر لاپتہ

97

بلوچستان کے ضلع کیچ سے تعلق رکھنے والے نوجوان، صدام ولد محراب بلوچ، کو پاکستانی فورسز نے حراست میں لیے جانے کے بعد سے لاپتہ ہیں۔

صدام بلوچ اور ان کے ساتھی گلزار نیک‌ سال کو تربت شہر کے مضافاتی علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ گلزار نیک‌ سال کو بعد ازاں رات گئے رہا کر دیا گیا، تاہم صدام بلوچ کی حوالگی یا خیریت سے متعلق تاحال کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

صدام بلوچ کا تعلق ضلع کیچ کے علاقے سری شاپک سے ہے، جہاں وہ گلزار نیک‌سال کے ساتھ ایک چھوٹے گیراج میں بطور مکینک کام کرتے ہیں۔

اہل خانہ کے مطابق وہ ہر روز کی طرح اس روز بھی صبح معمول کے وقت گیراج جانے کے لیے نکلے تھے، مگر راستے میں پاکستانی فورسز کے اہلکاروں نے دونوں کو حراست میں لے لیا۔

گلزار نیک‌سال کو کئی گھنٹے حراست میں رکھنے کے بعد رات تقریباً 12 بجے رہا کر دیا گیا۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے واقعات کوئی نئی بات نہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں متعدد بار ان گمشدگیوں پر آواز اٹھا چکی ہیں۔