کوئٹہ میں بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی بساک کے زیرِ اہتمام ایک روزہ سائنس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس میں طلباء، اساتذہ، والدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
فیسٹیول میں بساک کے مرکزی قائدین نے بطورِ مہمان شرکت کی جبکہ مختلف تعلیمی اداروں سے آئے ہوئے طلباء و طالبات نے سائنس کے مختلف شعبہ جات میں اپنی مہارتوں کا مظاہرہ کیا۔
تقریب میں فزکس، کیمسٹری، بائیوکیمسٹری، بائیوٹیکنالوجی، اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسے موضوعات پر تفصیلی پریزنٹیشنز پیش کی گئیں، طلباء نے ان شعبوں کی تاریخی پس منظر موجودہ سائنسی ترقیات اور مستقبل میں ان کی افادیت پر روشنی ڈالی جسے شرکاء نے خوب سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بساک کے مرکزی چیئرمین نے کہا کہ بلوچ نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں لیکن ان کی رہنمائی حوصلہ افزائی اور ایک مؤثر پلیٹ فارم کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں نئی نسل کو صرف نصابی تعلیم تک محدود نہیں رکھنا بلکہ انہیں سائنسی، فکری اور تخلیقی میدانوں میں بھی آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے ہوں گے۔
شرکاء نے اس سائنسی فیسٹیول کو ایک مثبت اور تعمیری قدم قرار دیا، کئی اساتذہ اور والدین نے امید ظاہر کی کہ بساک آئندہ بھی ایسی علمی و فکری سرگرمیوں کا انعقاد کرتی رہے گی جو نہ صرف طلباء کی ذہنی نشوونما میں مددگار ثابت ہوں گی بلکہ مجموعی طور پر معاشرے کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کریں گی۔