نصیر آباد اور سوراب میں پاکستانی فورسز پر حملے

95

بلوچستان کے ضلع نصیرآباد اور سوراب میں دو مختلف واقعات میں پاکستانی فورسز کو نشانہ بنایا گیا ہے، جن کے نتیجے میں ہلاکتوں اور زخمیوں کی اطلاعات ہیں۔

ضلع نصیرآباد کی تحصیل منجو شوری میں پاکستانی فورسز کی ایک چوکی کو نشانہ بنایاگیا۔

ذرائع کے مطابق یہ اہلکار ایک گزرنے والے قافلے کو “پاکٹ سیکیورٹی” فراہم کر رہے تھے، جب ان کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا۔

ادھر گذشتہ شب ضلع سوراب میں ایف سی کے مرکزی کیمپ پر مسلح افراد نے حملہ کیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق حملے کے دوران شدید فائرنگ اور کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، اور جھڑپوں کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں متعدد اہلکار ہلاک ہوئے، مگر حکام کی جانب سے اب تک کوئی باضابطہ موقف سامنے نہیں آیا۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں اس قسم کے حملے معمول بنتے جا رہے ہیں، جہاں مختلف مسلح تنظیمیں وقتاً فوقتاً پاکستانی فورسز کو نشانہ بناتے ہیں۔ تاہم ان واقعات کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔