مستونگ دھماکہ: پاکستانی فوج کے میجر زید سمیت چھ اہلکار ہلاک

108

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں پاکستانی فورسز پر ہونے والے ایک بم حملے میں میجر سمیت چھ اہلکار ہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق مستونگ کے علاقے تلخ کاوی میں پاکستانی فورسز کو بم حملے میں نشانہ بنایا گیا، جس میں پاکستانی فوج کے میجر زید سمیت چھ اہلکاروں کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

یاد رہے کہ آج مستونگ میں یہ پاکستانی فورسز پر دوسرا بڑا حملہ ہے، اس سے قبل صبح کے وقت آب گل کے مقام پر فورسز کے پیدل اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں چھ اہلکاروں کے ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

ذرائع کے مطابق آج مستونگ میں جاری بڑے پیمانے کے فوجی آپریشن کے دوران پاکستانی فورسز کی بڑی تعداد علاقے میں موجود تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آزادی پسندوں کے حملوں میں پاکستانی فورسز کے تین میجر رینک کے افسران مارے جا چکے ہیں۔

اس سے قبل 16 جولائی کو ضلع آواران کے علاقے جھاؤ میں بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ایک بم حملے میں میجر رب نواز ہلاک ہوگئے تھے، جبکہ 19 جولائی کو کوئٹہ میں جبل نور کے مقام پر ہونے والے بم حملے میں میجر انور کاکڑ مارے گئے تھے۔

میجر انور کاکڑ کی ہلاکت کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی تھی، تاہم آج مستونگ میں ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔