بلوچستان میں منگل کے روز ایک حاملہ خاتون اور اُس کے شوہر کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ جوڑا سات سال قبل گھر سے بھاگ کر پسند کی شادی کر چکا تھا، اور قتل کا شبہ خاتون کے بھائیوں پر ہے۔
واقعہ مستونگ کے علاقے لکپاس کے قریب واقع ایک ہوٹل میں پیش آیا۔ مقامی لیویز کے مطابق فائرنگ کرنے والے افراد مقتولہ کے بھائی تھے جنہوں نے جوڑے کو کھانے کی دعوت دے کر کوئٹہ بلایا تھا۔
ایس ایچ او پیر جان علیزئی کے مطابق مقتولین کی عمریں 27 سے 28 سال کے درمیان تھیں۔ شوہر محمد شعیب کا تعلق پنجگور کے علاقے چتکان سے تھا جبکہ بیوی بے نظیر کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی کی رہائشی تھیں۔ دونوں نے سات سال قبل کورٹ میرج کی تھی۔
حکام کے مطابق شعیب اور بے نظیر حال ہی میں اپنے سسرال والوں سے صلح کر چکے تھے۔ خاتون کے بھائیوں نے دونوں کو کوئٹہ آنے کی دعوت دی۔ شعیب، اپنی بیوی اور بھائی کے ساتھ پنجگور سے روانہ ہوئے اور رات کے وقت مستونگ میں ایک ہوٹل میں قیام کیا۔
اگلی صبح خاتون کے بھائیوں نے فون کرکے ان کی لوکیشن معلوم کی اور ہوٹل پہنچ کر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دونوں میاں بیوی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ حملے کے بعد ملزمان فرار ہو گئے۔
ایس ایچ او کے مطابق مقتولہ حاملہ تھیں اور ان کے دو بچے بھی ہیں جن کی عمریں چھ اور تین سال ہیں۔ لیویز نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔