قلات، مستونگ: آپریشن چوتھے روز جاری، فوج کو مزاحمت کا سامنا

313

بلوچستان کے ضلع قلات اور مستونگ میں آج چوتھے روز بھی پاکستانی فوج آپریشن میں مصروف ہیں۔ بلوچ آزادی پسندوں کی جانب سے فوج کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، جھڑپوں اور دھماکوں میں پاکستان فوج کے میجر سمیت متعدد اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔

علاقائی ذرائع کے مطابق پاکستان فوج کے سینکڑوں اہلکار پیدل اور گاڑیوں میں قلات کے علاقے کوہک میں پیش قدمی کررہے ہیں جبکہ انہیں گن شپ ہیلی کاپٹروں کی کمک حاصل ہیں اس دوران مختلف مقامات پر ہیلی کاپٹروں سے شیلنگ کی جارہی ہے۔

اسی طرح مستونگ کے علاقے اسپلنجی، مرو اور کابو میں فورسز پیش قدمی کی کوشش کررہے ہیں۔

آپریشن میں مصروف فورسز کو بلوچ آزادی پسندوں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے۔ آپریشن کے پہلے روز فورسز کو تین مختلف نوعیت کے حملے میں نشانہ بنایا گیا، حملہ آور ہلاک اہلکاروں کا اسلحہ بھی اپنے ساتھ لے گئے۔

گذشتہ روز فورسز نے بذریعہ ہیلی کاپٹر ہلاک اہلکاروں کے لاشوں کو منتقل کیا۔

مسلح حملوں اور بم دھماکوں میں پاکستان فوج کے ایک میجر سمیت چھ اہلکاروں کے ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے تاہم تعداد میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔