بلوچستان میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کوئٹہ سے اندرونِ پاکستان جانے اور آنے والی تمام ٹرینیں معطل کردی گئی ہیں، ریلوے انتظامیہ کے مطابق 10 جولائی 2025 کو کوئٹہ سے چلنے والی ٹرین سروس مکمل طور پر معطل رہے گی۔
کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس (39 اپ) اور پشاور سے کوئٹہ آنے والی گاڑی (40 ڈاؤن) بھی اپنی مقررہ روانگی کے دنوں یعنی 9 اور 10 جولائی کو معطل رہیں گی۔
اسی طرح کوئٹہ سے کراچی جانے والی بولان میل (4 ڈاؤن) بھی 10 جولائی کو روانہ نہیں ہو سکے گی۔
ذرائع کے مطابق فرنٹیئر کور ایف سی حکام نے ریلوے حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ کوئٹہ ڈویژن میں جاری سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر ٹرین آپریشنز کو عارضی طور پر معطل کیا جائے اس مطالبے کے تحت 10 جولائی تک کوئٹہ ڈویژن میں ٹرینوں کی آمدورفت روک دی گئی ہے۔
خیال رہے رواں سال بلوچ لبریشن آرمی نے جعفر ایکسپریس کو ہائی جیک کرکے دو سو سے زائد پاکستانی فوج کے اہلکاروں کو یرغمال بنایا تھا۔ قیدیوں کے تبادلے کے حوالے سے پیش رفت نہ ہونے اور فوجی آپریشن کے باعث بلوچ لبریشن آرمی نے تمام اہلکاروں کو ہلاک کیا تھا۔
بی ایل اے مجید برگیڈ کی جانب سے کی جانے والی یہ کاروائی خطے میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔ مذکورہ کاروائی کے باعث بلوچستان میں ٹرینوں کی آمد و رفت شدید متاثر ہوئی ہے۔