بلوچستان کے ضلع سوراب میں گزشتہ شب مسلح افراد نے پاکستانی فورسز پر حملہ کرتے ہوئے ایک کسٹمز چیک پوسٹ پر قبضہ کر لیا، فوجی ساز و سامان اپنے قبضے میں لے لیا، اور بعد ازاں فورسز کے ایک قافلے پر بھی گھات لگا کر حملہ کیا۔ واقعے میں جانی نقصان کی اطلاعات ہیں جبکہ حکام کی جانب سے تاحال سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق رات گئے سوراب شہر میں مسلح افراد اچانک داخل ہوئے، کسٹمز چیک پوسٹ پر دھاوا بول دیا۔ حملہ آوروں نے چیک پوسٹ کو اپنے قبضے میں لینے کے بعد وہاں موجود فوجی ساز و سامان، بشمول اسلحہ اور مواصلاتی آلات، قبضے میں لے لیے۔
ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے علاقے میں اسنیپ چیکنگ کا سلسلہ بھی شروع کیا، ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ حملہ آوروں نے گیس لے جانے والی باؤزر گاڑیوں کو آگ لگا کر تباہ کر دیے۔
علاقائی رپورٹس کے مطابق، حملے کے بعد جب پاکستانی فورسز نے جوابی کارروائی کی کوشش کی تو ان کے قافلے کو راستے میں گھات لگا کر نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں فورسز کی گاڑیوں کو نقصان پہنچنے اور ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں تاہم سرکاری سطح پر اس کی تصدیق یا ہلاکتوں کی تعداد بیان نہیں کی گئی۔
خیال رہے کہ بلوچستان میں طویل عرصے سے شورش جاری ہے، جہاں آزادی پسند مسلح تنظیمیں مسلح کارروائیاں کرتے آ رہے ہیں۔ جبکہ حالیہ دنوں میں ان کاروائیوں میں شدت دیکھنے میں آئی ہے۔