سوراب اور گردنواح میں فوجی آپریشن تیسرے روز بھی جاری

142

بلوچستان کے علاقے سوراب اور اس کی تحصیل گدر میں پاکستانی فورسز کی جانب سے جاری فوجی آپریشن تیسرے روز بھی بدستور جاری ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق، ان کارروائیوں نے نہ صرف معمولاتِ زندگی کو مفلوج کر دیا ہے بلکہ شہریوں کو سخت ذہنی اور جسمانی اذیتوں کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔

شہر بھر میں پاکستانی فورسز کے اہلکاروں کی جانب سے مختلف مقامات پر چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں، جہاں راہ گیروں اور عام شہریوں کو بار بار روکا جا رہا ہے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ پاکستانی فورسز شناختی کارڈ، بلوچی شال، یا لباس کے بہانے نوجوانوں کو گھنٹوں روک کر تفتیش کا نشانہ بنا رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق فورسز نے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر چھاپے مارے اور کئی نوجوانوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان افراد کا تاحال کچھ پتہ نہیں چل سکا۔