بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل تمپ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے میر آباد کے علاقے میں پاکستانی فورسز کے پیدل اہلکاروں پر اس وقت حملہ کیا جب اہلکار بازار سے گزر رہے تھے۔
حملے میں فورسز کے اہلکاروں کی ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم اس کی سرکاری تصدیق یا تردید تاحال نہیں ہوسکی۔
تمپ انتظامیہ کے مطابق حملہ آور جو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے، حملے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، واقعے کے بعد مزید فورسز کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔
واضح رہے کہ مذکورہ علاقے میں بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں متحرک ہیں جو وقتاً فوقتاً پاکستانی فورسز کو حملوں میں نشانہ بناتی رہی ہیں۔ تاہم اس حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔