بی این ایم کی تربیتی کونسل کا اجلاس، ڈاکٹر جلال بلوچ نے نظریاتی تسلسل کو پارٹی کی طاقت قرار دیا

54

بلوچ نیشنل موومنٹ (بی این ایم) کی کیپسٹی بلڈنگ کونسل کا اہم اجلاس 5 جولائی 2025 کو سینئر وائس چیئرمین ڈاکٹر جلال بلوچ کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں گزشتہ تین سالوں کی کارکردگی اور تنظیمی تربیتی عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جلال بلوچ نے کہا کہ بی این ایم کی تنظیمی ترقی کا انحصار باصلاحیت، باشعور اور نظریاتی کیڈرز کی تیاری پر ہے۔ تربیتی تسلسل اس بات کا ثبوت ہے کہ پارٹی نے ادارہ جاتی بنیادوں پر قیادت سازی کا عمل مستحکم کر لیا ہے۔ انھوں نے کیپسٹی بلڈنگ کونسل کی کارکردگی کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہی نظریاتی بنیادیں بی این ایم کے انقلابی وژن کو تقویت دے رہی ہیں۔

کونسل کے فوکل پرسن حفیظ عبداللہ نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس مدت میں مرکزی، زونل اور یونٹ سطح پر مجموعی طور پر 278 تربیتی سرکلز کا انعقاد کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلسل اور منظم تربیت کا یہ سلسلہ ادارہ جاتی ہم آہنگی، اجتماعی جذبے اور واضح نظریاتی حکمت عملی کا مظہر ہے۔

اجلاس میں دیدگ بلوچ کو تربیتی ورکشاپس کا نیا فوکل پرسن منتخب کیا گیا، جنھوں نے تسلسل اور معیار کو برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ بی این ایم نظریاتی و تنظیمی تربیت کو مزید مؤثر، مربوط اور ہم آہنگ بنانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، اور کیپسٹی بلڈنگ کونسل جیسے ادارے پارٹی کے فکری استحکام میں کلیدی کردار ادا کرتے رہیں گے۔