بلوچستان کے دو مختلف علاقوں میں پاکستانی فورسز کو بم حملوں میں نشانہ بنایا گیا ہے، جن کے نتیجے میں متعدد اہلکار ہلاک و زخمی ہو گئے ہیں۔
پہلا واقعہ ضلع نصیرآباد کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی میں پیش آیا جہاں تھانہ ڈیرہ مراد جمالی کی حدود میں ہائی وے پولیس کی گشتی گاڑی پر قدیر کوٹ کے قریب ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں تین اہلکار نیک محمد بگٹی، غلام مرتضیٰ منگی اور ہاورن خان زخمی ہو گئے، جنھیں طبی امداد کے لیے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسرا واقعہ ضلع قلات کے علاقے جوہان کراس کے قریب مکی کے مقام پر پیش آیا جہاں پاکستانی فورسز کو یکے بعد دیگرے دو بم دھماکوں میں نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کے مطابق پہلا دھماکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ پر کیا گیا، جب کہ دوسرا دھماکہ کچھ دیر بعد اسی مقام پر دیگر پیدل اہلکاروں کو نشانہ بناتے ہوئے کیا گیا۔
تاحال ان حملوں کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔ بلوچستان میں حالیہ برسوں کے دوران پاکستانی فورسز آزادی پسندوں کے حملوں کا سامنا رہا ہے۔