بلوچستان میں مون سون بارشوں کے نیتجے میں 16 افراد ہلاک، 11 مکانات مکمل تباہ

139
فائل فوٹو

بلوچستان میں حالیہ مون سون کی بارشوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 16 ہوگئی ہے۔

قدرتی آفات سے نمٹنے کے ذمہ دار صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے بلوچستان کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سات بچے، پانچ مرد اور چار خواتین شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے یہ ہلاکتیں بلوچستان کے سات اضلاع میں ہوئیں ہیں، جن میں ژوب، موسیٰ خیل، لورالائی، کوہلو، زیارت، لسبیلہ اور خضدار شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں کی وجہ سے مختلف علاقوں میں 58 گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے، جن میں سے 11 گھر مکمل طور پر تباہ ہوچکے۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق ان اضلاع میں کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے کے علاوہ ٹیوب ویلز پر لگی شمسی پلیٹوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، جن کے نقصانات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

درایں اثنا ڈپٹی سپیکر بلوچستان اسمبلی غزالہ گولہ نے کہا ہے کہ ضلع صحبت پور بارشوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

ایک بیان میں انھوں نے پی ڈی ایم اے اور دیگر امدادی اداروں پر زور دیا ہے کہ صحبت پور میں فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کی جائیں۔