بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے حادثات اور پرتشدد واقعات میں مجموعی طور پر 6 افراد جانبحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے حاجی تاج شاہوانی نامی شخص کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے، پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر ہسپتال منتقل کیا اور ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا، جبکہ مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
ادھر جیکب آباد سے کوئٹہ آنے والی ایک تیز رفتار مسافر ویگن پیرک اسٹیشن کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہو گئے، واقعے کے فوراً بعد مقامی لوگوں اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو سول ہسپتال سبی منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں ایک خاتون بشریٰ بی بی موٹر چلاتے ہوئے بجلی کا کرنٹ لگنے سے جانبحق ہو گئیں۔
ایک اور واقعے میں موسیٰ خیل کے علاقے کنگری میں ایک مکان پر آسمانی بجلی گرنے سے دو بھائی، عبدالحلیم اور جمال الدین، جانبحق ہو گئے۔
کوئٹہ کے علاقے علمدار روڈ سید آباد میں ایک خاتون نے گھریلو رنجش سے دل برداشتہ ہو کر خودکشی کرلی، پولیس کے مطابق خاتون نے گلے میں پھندا ڈال کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
دریں اثنا بلوچستان کے ضلع حب چوکی کے علاقے وندر رانا بھٹ کے گوٹھ خیر محمد شیخ سے لاپتہ ہونے والی معمر خاتون کی لاش کھرکھیڑہ کے جنگل سے برآمد کر لی گئی ہے، بتایا جاتا ہے کہ “ش بی بی” نامی بزرگ خاتون جن کا ذہنی توازن درست نہیں تھا ایک ہفتہ قبل گھر سے اچانک نکل کر لاپتہ ہو گئی تھیں۔
اہلِ خانہ کی مسلسل تلاش کے بعد پیر کے روز ان کی لاش الیوسف ہوٹل کے سامنے جنگل سے برآمد ہوئی ہے۔