بلوچستان: مختلف واقعات میں بچوں سمیت 6 افراد جانبحق، 2 زخمی

41

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے واقعات میں مجموعی طور پر دو بچوں سمیت 6 افراد جانبحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق قلات کے نواحی علاقے غوث آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سلمان احمد ولد عبد القدوس زہری جاں بحق ہوگیا، قلات پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردیا۔

تاہم واقعے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہو سکے ہیں، مزید کاروائی انتظامیہ کررہی ہے۔

قلات ہی میں کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر بینچہ کے مقام پر ٹویوٹا ٹوڈی اور انڈس کار کے درمیان تصادم کے نتیجے میں دو افراد موقع پر جانبحق جبکہ دو زخمی ہو گئے، زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال قلات منتقل کردیا گیا ہے۔

جعفرآباد کے مرکزی شہر ڈیرہ اللہ یار میں بجلی کے کرنٹ لگنے کے دو مختلف واقعات پیش آئے جن میں ایک 22 سالہ نوجوان اور ایک 4 سالہ بچہ جان کی بازی ہارگئے ہیں۔

پہلا واقعہ بھٹی محلہ میں پیش آیا جہاں 22 سالہ امجد پٹھان گھر کی چھت پر بجلی کا تار لگا رہا تھا کہ اچانک بجلی آنے سے اسے شدید جھٹکا لگا اور وہ موقع پر جانبحق ہوگیا۔

دوسرا واقعہ جتوئی کالونی میں پیش آیا جہاں 4 سالہ بچہ بگن جتوئی گھر میں کھیلتے ہوئے بجلی کی ننگی تار کو چھو بیٹھا، جس کے باعث وہ جھلس گیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

دریں اثنا تین روز قبل سریاب روڈ چکی شاہوانی کے علاقے میں گھر کے صحن میں کھیلتی ہوئی کمسن بچی بی بی مومنہ اندھی گولی کا نشانہ بن کر شدید زخمی ہوگئی تھی، جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اگلے روز ٹراما سینٹر میں دم توڑ گئی ہے۔