بساک کی جانب سے بلیدہ میں دو روزہ لٹریری فیسٹیول کا انعقاد

23

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی (بساک) کی جانب سے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں دو روزہ علمی تقریب بلیدہ لٹریری فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں مختلف علمی و ادبی سیشنز اور موضوعات شامل تھے۔

تقریب میں کیریئر کونسلنگ، سائنس پر پریزنٹیشن، بلوچ تعلیمی نظام اور بلوچ معاشی ڈھانچے پر پینل ڈسکشنز، ڈرامہ و مکالمہ، ثقافتی سرگرمیاں جیسے بلوچی نازینک و ہالو، لوک کہانیاں، چاچ، بلوچ تاریخ پر کوئز، موسمِ کھجور ہامین کا تعارف، اور بلوچ ثقافتی کھیل شامل تھے۔ اس کے علاوہ، آرٹ، سائنس، فوٹوگرافی اور ثقافت پر مشتمل مختلف اسٹالز بھی لگائے گئے، جبکہ بلوچستان کتاب کارواں کے تحت کتب میلہ بھی سجایا گیا۔ فیسٹیول میں بلوچی کلاسیکی و جدید موسیقی کے پروگرام بھی شامل تھے۔

تقریب میں بساک کے مرکزی رہنماؤں کے علاوہ علاقے کے اساتذہ، سیاسی، ادبی اور سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر بساک کے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ بلوچستان کے تمام علاقوں اور شہروں میں اس نوعیت کی علمی و ادبی تقاریب منعقد کی جائیں، تاکہ بلوچ نوجوانوں اور بچوں کو علم و شعور سے روشناس کرا کے ان کی قومی و فکری تربیت کی جا سکے۔ ہمارا مقصد ایک ایسا تعلیمی ماحول پیدا کرنا ہے جو ہر قسم کی سماجی برائیوں سے پاک، خوشگوار اور سازگار ہو، جہاں بلوچ طلبا اپنی تعلیم پر توجہ دے کر سماج کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں۔

رہنماؤں نے مزید کہا کہ بلیدہ جیسے علاقے میں اساتذہ اور نوجوانوں نے علمی سرگرمیوں کے ذریعے ایک شاندار تعلیمی ماحول قائم کیا ہے۔ خاص طور پر میٹرک کے طلبا نے سائنس پروجیکٹس تیار کر کے انہیں تقریب میں پیش کیا، جو کہ جدید سہولیات سے محرومی کے باوجود ان کی محنت اور صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس جدید دور میں، جب وسائل کی کمی کے باوجود بلوچ نوجوان اپنی مدد آپ کے تحت سائنسی منصوبے تیار کرتے ہیں، تو یہ واقعی قابلِ تعریف اور تحسین ہے۔ ہمیں ایک قومی شعور کے ساتھ ان سائنسی کوششوں کی سرپرستی کرنی چاہیے تاکہ ہمارے نوجوان عالمی سطح پر مسابقت کے لیے تیار ہو سکیں۔

تقریب میں مختلف اسٹالز لگائے گئے جن میں کلچرل اسٹالز پر نوجوانوں نے بلوچ ثقافتی ساز و سامان اور روزمرہ استعمال کی اشیاء پیش کیں۔ مختلف اسکولوں کے طلبا نے اپنے تیار کردہ سائنس پروجیکٹس پیش کیے، جبکہ آرٹ طلبا نے آرٹ ورک کے ساتھ حمل سالار کی فوٹوگرافی کا اسٹال بھی سجایا۔ بلوچستان کتاب کارواں کے تحت ایک کتب میلہ بھی تقریب کا حصہ تھا۔

دو روزہ تقریب کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی، جس میں تمام علمی و ادبی سرگرمیاں بھرپور انداز میں منعقد کی گئیں