پولیس تھانہ باغ ہیڈ کی حدود گوٹھ احمد آباد میں خاتون کے ماموں عبدالغفار کھوسہ نے فائرنگ کر کے اپنی بھانجی آسیہ بی بی کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔
اطلاع ملنے پر ایس ایچ او سعد اللہ جمالی پولیس ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے، جہاں مقتولہ کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ غیرت کے نام پر قتل کا واقعہ ہے، تاہم مزید تفتیش جاری ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں اکثر اوقات غیرت کے نام پر قتل کے واقعات ہوتے رہتے ہیں گذشتہ روز 12 جولائی کو نصیر آباد کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی میں مبینہ سیاہ کاری کے الزام میں شوہر نے اپنی بیوی کا گلہ دبا کر قتل کردیا تھا۔
تاہم ان واقعات میں ملوث اکثر ملزمان قانون سے بچ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔
متعدد واقعات ایسے بھی سامنے آئے ہیں جہاں ذاتی رنجش پر خواتین کو قتل کرکے غیرت کا نام دیا جاتا رہا ہے اور بعد ازاں ایسے معاملات میں قبائلی رسم رواج کے تحت ملزمان سزا سے بچ جاتے ہیں۔
بلوچستان میں خواتین کے حقوق اور تشدد کے خلاف کام کرنے والی این جی اوز اور تنظیموں کے مطابق پاکستان بھر میں خواتین آئے روز گھریلوں اور معاشرتی مظالم کا شکار بنتے ہیں تاہم ان واقعات میں زیادہ تر واقعات بلوچستان سے رپورٹ ہوتے ہیں۔