پنجگور: نوجوان اغواء کے بعد قتل، لاش برآمد

169

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں نامعلوم افراد نے ایک نوجوان کو اغواء کے بعد قتل کر دیا۔ مقتول کی شناخت پرویز محمد عمر کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں چند روز قبل ان کے گھر سے اغواء کیا گیا تھا۔

مقامی ذرائع کے مطابق، پانچ جولائی کی شب تقریباً دس بجے گاڑی میں سوار پانچ مسلح افراد نے گرمکان میں پرویز محمد عمر کو ان کے گھر سے زبردستی گاڑی میں ڈال کر لے گئے۔

اہل خانہ کے مطابق، پرویز کو لے جانے کے بعد ان کا کچھ پتا نہ چل سکا۔ کئی دنوں کی تلاش کے بعد گیارہ جولائی کو ان کی لاش پنجگور کے علاقے شاہو کہن سے برآمد ہوئی۔

لاش کو شناخت کے لیے ٹیچنگ اسپتال پنجگور منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ مقتول کو گولیاں ماری گئیں اور جسم پر تشدد کے نشانات بھی موجود تھے۔

خیال رہے کہ پنجگور میں حالیہ مہینوں کے دوران بدامنی، قتل و غارت، چوری اور اغواء کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ان حالات کے پیش نظر جمعیت علماء اسلام پنجگور نے 13 جولائی 2025 بروز اتوار، صبح 10 بجے مدرسہ خدابادان پنجگور میں ایک وسیع تر قومی امن جرگے کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔

پارٹی ترجمان کے مطابق، اس جرگے میں تمام باشعور شہریوں، قبائلی عمائدین، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور امن کے خواہاں افراد کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے تاکہ اجتماعی سطح پر بدامنی کے خلاف لائحہ عمل تیار کیا جا سکے۔