نوکنڈی: پاکستانی فورسز کی فائرنگ سے نوجوان جانبحق، مظاہرے پھوٹ پڑے

205

بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکنڈی میں پاکستانی فورسز “ایف سی” کی فائرنگ سے زامیاد گاڑی کا مقامی ڈرائیور “شاہ در ولد امان اللہ” جانبحق ہو گیا۔

واقعے کے بعد مقامی افراد کا احتجاج، مظاہرین میت کو باب عمر کے مقام پر رکھ کر احتجاج کررہے ہیں، اور لندن روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔

مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور جانبحق نوجوان کی لاش لواحقین کے حوالے کی جائے۔

ذرائع کے مطابق فورسز اہلکاروں نے خالی زامیاد گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں شاہ در موقع پر ہی شہید ہو گیا۔ جانبحق نوجوان کی لاش کو ایف سی کی تحویل میں لے لیا اور لواحقین کو نعش کے قریب جانے کی اجازت نہیں دی۔

عینی شاہدین اور سوشل میڈیا پر گردش کرتی ویڈیوز کے مطابق احتجاج کے دوران فورسز کی جانب سے مظاہرین پر ہوائی فائرنگ بھی کی گئی، جس سے صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ایک ماہ سے ایرانی تیل کا نوکنڈی انٹری گیٹ بند ہونے کے باعث علاقے میں پہلے ہی بے چینی اور غم و غصہ پایا جا رہا تھا، کیونکہ یہ راستہ مقامی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

مقامی افراد اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے واقعے کی شفاف تحقیقات اور مظاہرین پر فائرنگ کی فوری انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔