مستونگ: تحصیل آفس پر مسلح افراد کا حملہ

339

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں نامعلوم مسلح افراد نے تحصیل آفس پر دھاوا بول دیا، حملہ آوروں نے متعدد گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا، جبکہ علاقے میں فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں دیر تک سنائی دیتی رہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق، حملے کے دوران اب تک کم از کم تین افراد زخمی ہوچکے ہیں جنہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ مقامی انتظامیہ نے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے طبی عملے کو فوری طور پر طلب کر لیا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور جدید اسلحے سے لیس تھے۔ انہوں نے سرکاری کمپاؤنڈ میں موجود گاڑیوں کو آگ لگا دی اور وہاں موجود سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی۔ بعد ازاں علاقے میں زوردار دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔

حملے کے بعد مستونگ سٹی کے مرکزی بازار اور گرد و نواح میں دکانداروں نے دکانیں بند کر دیں۔

تاحال کسی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ بلوچستان میں گزشتہ کچھ عرصے سے ان جیسے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔