پاکستانی فورسز نے تین افراد کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے بلوچ علاقے تونسہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستانی فورسز نے رات گئے ایک ہوٹل پر چھاپہ مارتے ہوئے تین افراد کو حراست میں لینے کے بعد اپنے ہمراہ لے گئے جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہیں۔
لاپتہ ہونے والے افراد کی شناخت محمد خان چاکرانی بزدار، جمعہ خان مٹھوانی بزدار اور گیارویں جماعت کے طالبعلم افتخار چاکرانی بزدار کے طور پر ہوئی ہے۔
تینوں افراد کی جبری گمشدگی کی تصدیق کرتے ہوئے ان کے لواحقین نے کہا ہے کہ وہ شدید ذہنی کرب میں مبتلا ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ایک عرصے سے فورسز اس علاقے سے لوگوں کو اٹھا کر لاپتہ کررہی ہیں اور بعد ازاں جعلی مقابلوں میں قتل کر کے ان پر مسلح تنظیموں سے تعلق کا الزام لگا دیا جاتا ہے۔
لواحقین کو خدشہ ہے کہ ان کے پیاروں کو بھی جھوٹے انکاؤنٹر میں قتل کر دیا جائے گا۔
انہوں نے انتظامیہ، اعلیٰ حکام اور انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کی ہے کہ تینوں افراد کی باحفاظت بازیابی کو یقینی بنایا جائے۔