یوکرین کا روسی فضائی اڈوں پر بڑا ڈرون حملہ، 40 طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ

93

یوکرین نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے روس کے فوجی فضائی اڈوں پر ایک بڑے پیمانے پر ڈرون حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں کم از کم 40 روسی طیارے تباہ ہو گئے۔

یوکرینی حکام کی جانب سے اس حملے کی ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں شعلوں کی لپیٹ میں آئے جہاز واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

یوکرین کے مطابق اس کارروائی میں 472 ڈرونز کے ساتھ ساتھ سات بیلسٹک اور کروز میزائلوں کا بھی استعمال کیا گیا، حکام کا کہنا ہے کہ یہ روس کے خلاف یوکرین کی اب تک کی سب سے بڑی کارروائی تھی۔

یہ حملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جنگ بندی کے حوالے سے روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات کی کوششیں جاری تھیں اور دونوں ممالک کے وفود ترکی کے شہر استنبول میں ملاقات کی تیاری کر رہے تھے۔

اس موقع پر روس کی وزارت دفاع نے بھی یوکرینی حملوں کی تصدیق کی ہے جس کے مطابق یوکرین نے مرمنسک، ارکوتسک، ایوانو، ریازن اور امور سمیت پانچ مختلف روسی ریجنز میں ایئرفیلڈز کو نشانہ بنایا۔

روسی وزارت دفاع نے ٹیلیگرام پر جاری کردہ بیان میں ان حملوں کو دہشتگردی قرار دیا، تاہم دعویٰ کیا کہ تمام حملے ناکام بنا دیے گئے اور نقصانات پر قابو پا لیا گیا ہے۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق ایف پی وی ڈرونز کے ذریعے کیے گئے حملوں کے باعث کئی طیاروں اور ایوی ایشن کے آلات میں آگ بھڑک اٹھی تھی جسے بعد میں بجھا دیا گیا۔

ارکوتسک کے گورنر نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ جنوبی سائبریا کے فوجی اڈوں کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

یوکرینی فورسز حکام کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کو ’’آپریشن اسپائیڈرز ویب‘‘ کا نام دیا گیا تھا جس کی منصوبہ بندی پچھلے ڈیڑھ سال سے جاری تھی اور اسے خود صدر وولودومیر زیلنسکی مانیٹر کر رہے تھے۔

دوسری جانب روسی میڈیا کے مطابق مرمنسک اور ارکوتسک کے فوجی اڈے تاحال فعال ہیں اور معمول کے مطابق کام کررہے ہیں۔