کوئٹہ میں گاڑی پر بم دھماکہ، ایک شخص ہلاک، چار زخمی

266

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر واقع بروری روڈ کے آخری اسٹاپ کے قریب ایک گاڑی کو مبینہ طور پر ایک مقناطیسی آئی ای ڈی دھماکے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی ہلاک جبکہ چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ایس ایچ او بروری تھانہ محمود خروٹی کے مطابق دھماکے میں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت بابُل محمد حسنی ولد محمد حسنی، ساکن قلات کے طور پر ہوئی ہے جبکہ اس کا ساتھی نبیل احمد ولد محمد امین شدید زخمی ہوا ہے۔

دھماکے کے نتیجے میں تین راہگیر بھی زخمی ہوئے ہیں جن میں بلاول ولد فتح، محمد انور ولد کریم، عبد الظاہر بنگلزئی شامل ہیں۔

حکام نے تصدیق کی ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر بولان میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے ایک شخص گاڑی میں موجود تھا، جبکہ دیگر تین راہگیر تھے جو دھماکے کی زد میں آئیں، ایس ایچ او کے مطابق یہ ابھی واضح نہیں ہو سکا کہ دھماکہ خیز مواد گاڑی کے اندر نصب تھا یا باہر سے چپکایا گیا تھا تاہم تحقیقات جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق بابُل محمد حسنی پاکستان آرمی کے حمایت یافتہ بدنام زمانہ “ڈیتھ اسکواڈ” کا ایک اہم رکن تھا، جبکہ اس کے والد گزشتہ سال بلوچ لبریشن آرمی کے “آپریشن ہیروف” کے دوران ہلاک ہوئے تھے۔

پولیس اور سیکیورٹی ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر رہے ہیں، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔