پنجگور: مسلح حملے میں ایک شخص ہلاک

67

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں بدھ کی دوپہر کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو ہلاک کر دیا۔

واقعہ پنجگور کے علاقے عیسیٰ میں پیش آیا۔ ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت نعیم ولد صوفی جلال کے نام سے کی گئی ہے۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کا تعلق “ڈیتھ اسکواڈ” سے تھا جبکہ مسلح حملہ آور واقعہ کے بعد اس کے اسلحہ اور دیگر سامان بھی ساتھ لے گئے ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ بلوچستان میں ڈیتھ اسکواڈ سے وابستہ افراد کو نشانہ بنایا گیا ہو۔ بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں ماضی میں ایسے افراد پر متعدد حملے کر چکے ہیں۔تاہم  کسی نے اس حملے کی ذمہ داری تاحال قبول نہیں کی ہے۔

“ڈیتھ اسکواڈ” ایک غیر رسمی اصطلاح ہے جو بلوچستان میں ان ریاستی مسلح گروہوں کے لیے استعمال ہوتی ہے، جن پر الزام ہے کہ وہ ریاستی اداروں کی پشت پناہی میں سرگرم عمل ہیں۔ ان گروہوں پر بلوچ آزادی پسندوں، سیاسی کارکنوں کو نشانہ بنانے، جبری گمشدگیوں، اور ماورائے عدالت ہلاکتوں میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے جاتے ہیں۔

انسانی حقوق کی تنظیمیں ریاستی اداروں اور غیر رسمی مسلح گروہوں کے کردار پر تشویش کا اظہار کرتی رہی ہیں۔