بلوچستان کے دو مختلف اضلاع، نوشکی اور مستونگ، میں پاکستانی فورسز کو دو مختلف حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے، جہاں فورسز کو جانی و مالی نقصانات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
نوشکی شہر کے قریب دو سئے کے علاقے میں مرکزی شاہراہ پر پاکستانی فورسز کی گاڑی کو آئی ای ڈی دھماکے سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق دھماکے میں فوجی قافلے کی دو گاڑیوں میں سے ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی، جس کے نتیجے میں اہلکاروں کو شدید جانی نقصان پہنچا۔
تاحال سرکاری سطح پر کسی قسم کی تصدیق یا تفصیلات جاری نہیں کی گئی تاہم شہر میں ہیلی کاپٹروں اور ڈرون طیاروں کی پروازیں دیکھنے میں آئی ہے۔
ادھر ضلع مستونگ میں سی سی ایم ناکہ پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے ایف سی چیک پوسٹ پر ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کیا۔
دھماکے میں فورسز کو نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ حملہ آور واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعے کے بعد پاکستانی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔