مستونگ: مسلح افراد کی ناکہ بندی، سیندک پروجیکٹ کی گاڑیاں نذرِ آتش

89

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بلوچستان ہوٹل کے قریب مسلح افراد نے مرکزی شاہراہ پر چیک پوائنٹس قائم کرکے ناکہ بندی کردی۔

اطلاعات کے مطابق مسلح افراد گزرنے والی گاڑیوں کی سخت چیکنگ کررہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے سیندک پروجیکٹ کی گاڑیوں کو روک کر آگ لگا دی۔ متعدد گاڑیاں مکمل طور پر جل چکی ہیں۔

خیال رہے کہ سیندک پروجیکٹ پاکستان اور چین کے درمیان مشترکہ کان کنی کا پروجیکٹ ہے جو پہلے بھی آزادی پسندوں کے نشانے پر رہا ہے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ ناکے پر موجود مسلح افراد جدید ہتھیاروں سے لیس تھے اور انہوں نے سارے علاقے کا کنٹرول لے رکھا تھا۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں حالیہ دنوں میں اس نوعیت کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ کل مستونگ کے علاقے کردگاپ کے مقام پر بھی اسی نوعیت کا واقعہ پیش آیا تھا۔ جس کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن فرنٹ نے قبول کرلی۔

بی ایل ایف کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ان کارروائیوں میں سرکاری دفاتر پر قبضہ، اسلحہ ضبط، گاڑیوں کو نذر آتش کرنے اور مرکزی شاہراہوں کی بندش شامل تھے۔

تاہم آج ہونے والے واقعہ کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔