جیونی میں پاکستانی فورسز کی فائرنگ سے تین افراد زخمی، متعدد افراد لاپتہ

138

بلوچستان کے ضلع گوادر کے علاقے جیونی میں پاکستانی فورسز کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ پانوان، شئے آباد اور دیگر علاقوں سے کم از کم چار افراد کے جبری طور پر لاپتہ ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ فورسز پر بم دھماکے کے بعد پیش آیا۔

دھماکے کے فوراً بعد فورسز نے قریبی سڑک سے گزرنے والی ایک گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں شکیل، خالد اور راشد نامی تین افراد زخمی ہوگئے۔

اسی دوران، پانوان، شئے آباد اور اطراف کے علاقوں سے چار افراد کے جبری طور پر لاپتہ ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ افراد فورسز کی جانب سے کی گئی چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران حراست میں لیے گئے۔ لاپتہ افراد کی شناخت تاحال سامنے نہیں آئی ہے۔

واقعے کے بعد سے جیونی شہر اور مضافات میں فورسز کی نقل و حرکت میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

تاہم پاکستانی فورسز پر حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔