تربت: پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری لاپتہ شخص کی عدم بازیابی کے خلاف احتجاج

131

تربت کے علاقے عومری کہن کے مقام پر جبری لاپتہ غلام جان کی بازیابی کے لیے سی پیک شاہراہ ایم ایٹ پر احتجاج، ٹریفک معطل۔

سی پیک اہم شاہراہ ایم ایٹ کو آج عومری کہن کے مقام پر لاپتہ افراد کے اہل خانہ نے بلاک کردیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ غلام جان نامی نوجوان کو پاکستانی فورسز نے جبری طور پر لاپتہ کیا ہے۔

احتجاج کرنے والے افراد میں غلام جان کے اہل خانہ کے ساتھ مقامی افراد اور سماجی کارکنان بھی شریک ہیں۔ مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھی ہیں جن پر غلام جان کی بازیابی کا مطالبہ درج ہے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ ہمارا مطالبہ صرف اپنے پیارے کی واپسی ہے جب تک غلام جان واپس نہیں آتا ہم احتجاج ختم نہیں کریں گے۔

سی پیک روٹ پر جاری اس احتجاج کی وجہ سے ٹریفک مکمل طور پر معطل ہوگئی ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ سی پیک پر اس نوعیت کا احتجاج سامنے آیا ہو۔ اس سے قبل بھی لاپتہ افراد کے لواحقین سی پیک شاہراہ پر دھرنے دیتے رہے ہیں جن کا مطالبہ یہی ہوتا ہے کہ جبری گمشدگیوں کا سلسلہ بند کرے اور لاپتہ افراد کو عدالتوں کے سامنے پیش کیا جائے۔