تربت: خواتین نے سرکاری حمایت یافتہ گروہ کے کارندوں کو اسلحہ سمیت پکڑ لیا

1

ضلع کیچ کی تحصیل تمپ کے گاؤں کوہاڈ میں مقامی خواتین نے ایک سرکاری حمایت یافتہ گروہ کے کارندوں کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں تین افراد کو ایک ہجوم کے درمیان ہاتھ باندھے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جن پر تمپ کوہاڈ سے تعلق رکھنے والے نوجوان، تنویز نذر، کو قتل کرنے کی کوشش کا الزام ہے۔

ویڈیو میں ان تینوں افراد پر تشدد کے مناظر بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔ ان میں سے ایک شخص کو بولتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جو واقعے کی تفصیل بتاتا ہے۔ اس کے مطابق، وہ ناصر آباد سے تحصیل تمپ کے گاؤں کوہاڈ آئے اور تنویز نذر کے گھر پہنچ کر انہیں باہر بلایا۔ تاہم، علاقے کی خواتین نے ان تینوں کو مشکوک جان کر پکڑ لیا، جنہوں نے بعد میں اپنے منصوبے کا اعتراف کیا۔

علاقائی ذرائع کے مطابق، اس سے قبل بھی گاؤں کوہاڈ میں سات افراد کو نامعلوم حملہ آوروں نے گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا، اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ تینوں اسی گروہ کا حصہ ہیں، جنہیں مقامی لوگ اور سیاسی جماعتیں “ڈیتھ اسکواڈ” کے نام سے جانتی ہیں۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ان مسلح گروہوں کو پاکستانی فورسز اور ریاستی اداروں کی پشت پناہی حاصل ہے، اور یہ علاقے میں بدامنی، ٹارگٹ کلنگ اور دیگر جرائم میں ملوث ہیں۔