بھارت کی ریاست گجرات میں احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب برطانیہ کے شہر لندن کے لیے اڑان بھرنے والا ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق طیارے میں 230 مسافر اور عملے کے 12 ارکان سوار تھے، طیارہ گرنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے اور فائر بریگیڈ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔
ایئرانڈیا کی فلائٹ نمبر اے آئی 171 بھارتی ریاست گجرات کے احمد آباد ایئرپورٹ سے لندن (برطانیہ) کے لیے روانہ ہوئی تھی، انڈیا ٹوڈے کے مطابق طیارے کو حادثہ ٹیک آف کے دوران پیش آیا، تاہم بھارتی میڈیا میں طیارے میں سوار مسافروں کی تعداد کے حوالے سے متضاد اعداد و شمار سامنے آرہے ہیں، حادثے کے مقام سے دھویں کے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے گئے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایئرانڈیا کا طیارہ ایئرپورٹ کے قریب رہائشی آبادی کے قریب گرا ہے، تاہم اب تک کیا نقصان ہوا ہے، اس حوالے سے تفصیلات دستیاب نہیں ہیں، ریسکیو سرگرمیاں شروع ہونے کے بعد ہی معلومات عوام کو فراہم کی جاسکیں گی۔
پروازوں کی ٹریکنگ کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ ریڈار کی جانب سے ’ ایکس’ پر ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ایئر انڈیا کی پرواز AI171 کے احمد آباد سے لندن جاتے ہوئے حادثے کی اطلاعات کا جائزہ لے رہے ہیں، ہمیں طیارے سے آخری سگنل 08:08:51 یو ٹی سی پر موصول ہوا تھا، جو ٹیک آف کے چند سیکنڈ بعد کا تھا۔
حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر تھا، جس کا رجسٹریشن نمبر VT-ANB ہے۔