بلوچستان: مختلف واقعات میں 6 افراد قتل، 3 زخمی، ایک لاش برآمد

117

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں فائرنگ اور دیگر پرتشدد واقعات کے دوران خاتون سمیت 6 افراد جانبحق اور 3 افراد زخمی ہو گئے ہیں، جبکہ لاش برآمد ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق خضدار کی تحصیل وڈھ میں فائرنگ کے ایک واقعے میں خاتون سمیت دو افراد جانبحق ہو گئے، مقامی انتظامیہ نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔

خضدار ہی کے علاقے پیر ابراہیم میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے گلزار ساسولی اور حامد بھوتانی نامی دو افراد قتل کردئے گئے۔

ادھر مستونگ کے علاقے سنگر میں بھی نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے منیر احمد ولد خدابخش کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔

لیویز نے لاش کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔

اسی طرح پنجگور کے علاقے غریب آباد میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس ہیڈ کانسٹیبل شدید زخمی ہو گیا۔

قلعہ عبداللہ میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکریٹری عنایت اللہ اچکزئی کے دو بھائیوں عصمت اللہ خان اور شمس اللہ خان کو زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔

علاوہ ازیں خضدار کی تحصیل زہری کے علاقے نورگامہ گیٹ وے کے قریب سے ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے، جس کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں لگی ہوئی تھیں، پولیس نے لاش کو اسپتال منتقل کر دیا تاہم تاحال اس کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

دریں اثنا پسنی کے علاقے ببرشور وارڈ نمبر 1 میں ایک شخص نے خودکشی کر لی پولیس نے لاش کو آر ایچ سی (رورل ہیلتھ سینٹر) منتقل کر دیا تاہم اس کی بھی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔