بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
مستونگ شہر میں الحفیظ ہوٹل کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے کی شناخت سید احسان شاہ ولد منظور شاہ کے نام سے ہوئی ہے، جو پڑنگ آباد کے رہائشی تھے۔
واقعے کے فوراً بعد لاش کو غوث بخش اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔
دوسرا واقعہ تربت سٹی کے علاقے ملائی بازار میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے طاہر رحمدل کو قتل کر دیا۔ جس کا تعلق بھی ملائی بازار سے ہی تھا۔
لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم واقعے کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے۔
تربت میں بس ٹرمینل کے قریب واقع بانک چڑھائی کے علاقے سے ایک نوجوان کی لاش برآمد ہوئی۔ لاش کی شناخت تاحال ممکن نہیں ہو سکی، جسے مزید شناخت کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔