بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے تین واقعات میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔
تفصیلات کے مطابق قلات کی تحصیل منگچر کے علاقے مندے حاجی سے ایک نامعلوم نوجوان کی نعش برآمد ہوئی ہے۔ لیویز ذرائع کے مطابق، مقتول کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔ نعش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے فوری طور پر آر ایچ سی منگچر منتقل کر دیا گیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، نوجوان کے جسم پر تشدد کے نشانات پائے گئے ہیں، تاہم قتل کے اسباب اور محرکات کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔
بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل تمپ کے علاقے ملک آباد میں جمعرات کی شام موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کر دیا۔ جس کی شناخت عبداللہ ولد محمد جان کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق، فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی تفتیش جاری ہے اور قتل کے محرکات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ادھر خضدار میں مسلح افراد کی فائرنگ سے قبائلی رہنماء کامران جتک موقع پر ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق کامران جتک ولد سردارشکرخان جتک چمروک کے مقام پر مقامی ہوٹل میں بیٹھے تھے۔ کہ اچانک مسلح افراد نے ان پر فائرکھول دی انہیں متعدد گولیاں لگنے پر وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے ۔
پولیس نے فوری پر مقتول کی لاش تحویل میں لیکر ہسپتال پہنچائی گئی ہے۔