بخار میں مبتلا ‘گلزمین بلوچ’ انتقال کر گئیں

62

بلوچی زبان کے نامور گلوکار استاد مسلم حمل کی کمسن بیٹی گلزمین بلوچ گزشتہ شب انتقال کر گئیں۔ مرحومہ کا تعلق بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل بلیدہ سے تھا۔

خاندانی ذرائع کے مطابق گلزمین کو گزشتہ رات اچانک تیز بخار ہوا، تاہم طبی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ ان کی وفات سے بلیدہ سمیت بلوچستان کے ادبی اور ثقافتی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی فضا چھا گئی ہے۔

گلزمین بلوچ، استاد مسلم حمل کی چھوٹی بیٹی تھیں، جن کی ولادت 17 سال کے طویل عرصے کے بعد ہوئی تھی۔ ان کی ناگہانی موت نے خاندان کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔

بلوچ ادبی، ثقافتی اور سماجی حلقوں کی جانب سے استاد مسلم حمل سے اظہارِ تعزیت کیا جا رہا ہے، اور سوشل میڈیا پر بھی تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔