بالگتر: لاپتہ افراد کی عدم بازیابی، سی پیک شاہراہ ایک بار پھر بند

163

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بالگتر میں لاپتہ افراد کی عدم بازیابی کے خلاف احتجاجی مظاہرین نے ایک مرتبہ پھر سی پیک شاہراہ کو بند کر دیا ہے، جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے۔

احتجاج کرنے والے افراد کا تعلق لاپتہ افراد صادق واجداد اور پیرداد عقیل کے خاندانوں سے ہے، جن کے مطابق ان کے پیارے کئی ماہ سے لاپتہ ہیں اور تاحال ان کی بازیابی کے لیے کوئی عملی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔

مظاہرین نے بدھ کی صبح بالگتر سھاکی کے مقام پر شاہراہ پر دھرنا دے کر اسے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ مظاہرین نے سی پیک شاہراہ کو بند کیا ہو۔ رواں ہفتے کے آغاز میں بھی اسی مقام پر دھرنا دیا گیا تھا، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ سے مزاکرات کے نتیجے میں مظاہرین نے مشروط طور پر راستہ کھولا تھا۔

تاہم، مظاہرین کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے دی گئی یقین دہانیاں محض زبانی وعدے ثابت ہوئیں اور عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔

راستہ بند ہونے کے باعث کئی گھنٹوں سے گاڑیاں پھنس گئی ہیں، اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تاحال ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس تازہ احتجاج پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ لاپتہ افراد کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے یا ان کے بارے میں قانونی طریقے سے اہلِ خانہ کو مطلع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ان کے مطالبات نہیں مانے جاتے، وہ احتجاج جاری رکھیں گے۔